گلبرگہ 19دسمبر (ایس او نیوز) ہندوستان کا دستور ایکسیکولر مزاج کا دستور ہے اور یہ کسی مخصوص مذہب کے لوگوں یا کسی طبقہ کی مخالفت نہیں کرتا۔ یہ بات بنیادی حقوق کے دائیرہ میں آتی ہے۔ لیکن آپ این آر سی یا شہریت ترمیمی بل کے ذریعہ ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنانا چاہ رہے ہیں،جس کی اجازتت ہم ہر گز نہیں دے سکتے۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ کنیز فاطمہ قمرالاسلام رکن اسمبلی گلبرگہ شمال نے 19دسمبر کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر سرکل جگت، گلبرگہ پر شہریت ترمیمی بل کی منظوری کے خلاف ایک زبردست ہمہ جماعتی احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس جلسہ میں بلا لحاظ مذہب و ملت لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ محترمہ کنیز فاطمہ نے حکومتی نمائیندوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ پڑوسی ممالک میں اقلیتوں پر ظلم و ستم ڈھانے کا پروپگنڈہ کررہے ہیں اور ان کی فکر کررہے ہیں لیکن خود اپنے ملک کی اقلیتوں کے حقوق کو پامال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ممتاز عوامی قائدجناب الیاس سیٹھ باغبان صدر جمعیت باغبان نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم مسلمان ہیں اور صرف اللہ سے ڈرتے ہیں اور اللہ کی ذات کے علاوہ کسی سے بھی نہیں ڈرتے۔ ہماری لڑائی ہمارے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے ہے جسے ہم آخری وقت تک اور نتیجہ حاصل ہونے تک لڑتے رہیں گے۔ ہر دل عزیز قائد جناب وہاج بابا ایڈوکیٹ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہندوستان کا دستور ساری دنیا میں اپنی وسعت نظری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے اہمیت رکھنے والا دستور سمجھا جاتا ہے۔ایسے دستور کی حفاظت کے بجائے آپ ایسے دستور کی مخالفت کررہے ہیں۔ اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جس سے ساری دنیا میں ہندوستان کا وقار متاثر ہورہا ہے۔ ڈاکٹر محمد اصغر چلبل سابق صدر نشین گلبرگہ اربن ڈیولوپمینٹ اتھارٹی نے اپنی تقریر میں کہا کہ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے ذریعہ ہندوستان کو مذہب کی بنیاد پر دوبارہ تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کا مقصد اصل بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے۔ اپنی نا اہلی چھپانے کے لئے نئے نئے مسائل کھڑے کئے جارہے ہیں۔ مسائل گھڑے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد ااصغر چلبل نے ملک بھر میں پولیس کے مظالم اور دلتوں، خواتین اور مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ممتاز قانون دان و قائد جنتا دل وسیکولر جناب ناصر حسین استاد نے کہا کہ یہ فرقہ پرست طاقتیں ملک کے اتحاد کو ختم کرنا چاہ رہی ہیں اور ہندو راشٹر کے قیام کے ذریعہ اس دیش سے مسلمانوں کا صفایہ کرنے کی تیاری کررہی ہیں۔
مذکورہ بالا احتجاجی جلسہ میں ایس یو سی سی آئی، ایڈسو، مسلم لیگ سمیت تمام مسالک کے نمائیندوں کے علاوہ جناب فراز الاسلام، جناب نجم السلام احمر، عادل سلیمان سیٹھ، بابا نذر محمد خان، اورکئی ایک جماعتوں، تنظیموں کی اہم شخصیات و ارکا ن نے شرکت کی۔